منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں‌ ایک روز کی توسیع‌ کر دی گئی

Published On 21 September,2020 11:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ‌ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں‌ ایک روز کی توسیع دے دی۔ اپوزیشن لیڈر کے وکیل کو کل بھی دلائل جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ شہباز شریف کو سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت پیش کیا گیا۔ نیب نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی اور کہا شہباز شریف کیخلاف سٹیٹ بینک سے شکایت موصول ہونے پر انکوائری کی۔

نیب نے کہا شہباز شریف نے 2008 سے 2018 تک 9 کاروباری یونٹس قائم کیے، 1990 میں شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 21 لاکھ تھی، 1998 میں اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 8 لاکھ ہوگئی، 2018 میں شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 6 ارب کے قریب پہنچ گئی، شہباز شریف اور اہلخانہ نے کرپشن کر کے 7 ارب کے اثاثے بنائے۔

قومی احتساب بیورو لاہور نے کہا لاہور ہائیکورٹ حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد کرچکی، شہباز شریف تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز اشتہاری قرار دیئے جاچکے۔