زمینوں پر قبضہ میں ملوث ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی کا حکم

Published On 21 September,2020 10:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے زمینوں پر قبضہ میں ملوث ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا جاوید اقبال نامی شخص پراپرٹی کا کام کرتا ہے، ایس ایچ او حافظ آباد پلاٹ مانگتا ہے، پلاٹ نہ دینے پر ایس ایچ او ہراساں کر رہا ہے۔

چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی پنجاب خود اس معاملہ کی انکوائری کر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں، پولیس شہریوں کی زمینوں پر قبضے شروع کر دے تو عام آدمی کا کیا حال ہوگا ؟ پولیس افسران لڑائی جھگڑے والی زمینوں کو خریدتے ہیں، ایس ایچ اوز نے بھی یہ کام شروع کر رکھا ہے۔