وزیرآباد: پلاسٹک بنانیوالی فیکٹری میں آتشزدگی، 9 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا

Published On 21 September,2020 09:24 am

وزیر آباد: (دنیا نیوز) وزیرآباد کے علاقہ کرم آباد میں پلاسٹک کے برتن بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا، 9 گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

آگ صبح سویرے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے چار کنال رقبے پر محیط عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ دیواریں اور چھت زمین بوس ہو گئیں۔ آگ کے باعث فیکٹری میں رکھا بھاری مالیت کا خام مال اور قیمتی مشینری جل کر راکھ ہوگئی۔

زہریلے دھوئیں کی وجہ سے فیکٹری کے دو ملازم بے ہوش ہو گئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، آگ بجھانے کے لئے وزیر آباد سمیت گوجرانوالہ کی 10 گاڑیوں نے ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا۔ 9 گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔