خیبر پختونخوا کے وزراء میں محکموں کے قلمدانوں پر اختلافات کا انکشاف

Published On 10 September,2020 02:27 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزراء میں محکموں کے قلمدانوں پر اختلافات کا انکشاف ہوا ہے، کابینہ میں شامل حالیہ دو نئے وزراء شہرام ترکئی اورانور زیب کو محکمے تفویض نہ ہوسکے۔

خیبرپختونخوا میں محکموں کے قلمدانوں سے متعلق وزراء میں اختلافات سامنے آگئے، صوبائی کابینہ میں حالیہ شامل ہونے والے دو نئے وزراء شہرام ترکئی اور انور زیب کو تاحال محکموں کے قلمدان تفویض نہ ہوسکے، موجودہ صوبائی وزراء بھی اپنے محمکے نہ چھوڑنے پر ڈٹ گئے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ میں نئے شامل ہونے والے شہرام ترکئی دوبارہ محکمہ بلدیات لینے کے خواہشمند ہیں۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب سے محکمہ تعلیم لے کر بلدیات کے محکمے کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے جس پر اکبر ایوب تعلیم کا قلمدان واپس لیے جانے پر ناراض ہیں۔ صوبائی وزیرخوراک کا محکمہ بھی تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق کامران بنگش کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے تاہم محمکوں کے قلمدان کا اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہے اور وزیراعلیٰ کی صوابدید پر محکمے تبدیل اور تفویض کیے جاتے ہیں۔