پشاور: محکمہ صحت کے افسران نے مرضی کی آسامیاں تخلیق کرلیں

Published On 08 September,2020 11:49 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں محکمہ صحت کے 2 افسران نے اپنے عہدے خود ہی تبدیل کر دیئے، محکمہ صحت نے دونوں افسران سمیت دیگر سٹاف کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

پشاور میں محکمہ صحت کے دو افسران نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنےعہدے خود ہی تبدیل کر دیئے۔ دنیا نیوز کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق ڈرگ کوالٹی کنٹرول سیکرٹری نے اپنا عہدہ ڈپٹی سیکرٹری کے عہدے میں تبدیل کر دیا جبکہ چیف ڈرگ انسپکٹر نے عہدہ ڈائریکٹر ڈرگ کنٹرول میں تبدیل کر دیا۔

دستاویزکے مطابق دونوں افسران کے تبدیل کردہ عہدوں کی قانونی حیثیت بھی نہیں اور بجٹ کاپی میں بھی ذکر نہیں ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے دونوں افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا اور افسران سمیت دیگر سٹاف کا ریکارڈ جمع کرلیا گیا ہے۔

محکمہ صحت حکام نے صوبہ میں دو سال سے زائد ایک ہی عہدہ پر کام کرنے والے اہلکاروں کی تفصیل بھی طلب کرلی ہے۔