لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے نان روٹی کی قیمتوں میں اضافے کے خود ساختہ اعلان کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ عثمان بزدار نے نان، روٹی کے نرخوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن انتظامی اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں، صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، انتظامیہ بھی نان، روٹی کی مقررہ کردہ نرخوں میں دستیابی یقینی بنائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر نان، روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، نان، روٹی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
دوسری جانب متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے سادہ روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔ سادہ روٹی 100 گرام 8 روپے جبکہ 120 گرام نان 15 روپے کا کر دیا گیا۔
صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت آٹے کی بوری 800 روپے تک جبکہ فائن کی بوری 1200 روپے تک مہنگی ہو چکی ہے۔
وائس چئیرمین میر داد خان کے مطابق تندور مالکان کو سستا آٹا اور فائن فراہم کیا جائے گا تو سستی روٹی اور نان فروخت کریں گے، تندور مالکان اپنا مزید نقصان نہیں کر سکتے، قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آج شہر کے تمان تنور مالکان کو جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد روٹی اور نان نئی قیمتوں کے مطابق فروخت کیا جائے گا۔