لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ہدایات پر من وعن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا احتیاط کا دامن تھام کر کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔
وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے متعلقہ محکموں کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے، انتظامی اقدامات کے ذریعے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے، ہم سب نے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر سے شہری خود اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں، سماجی طور طریقوں میں تبدیلی لا کر کورونا سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا، ٹڈی دل اور دیگر چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، متعلقہ ادارے اور محکمے کئے جانے والے اقدامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں، حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، سرکاری ہدایت نامے پر عملدرآمد سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے اور محکمے کئے جانیوالے اقدامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں، حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔