اتحادیوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی: عثمان بزدار

Last Updated On 08 June,2020 04:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اتحادیوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

 سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی ایوان وزیر اعلی میں سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی مونس الہی بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، کورونا صورتحال اور فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن اور گستاخانہ کتابوں پر پابندی کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے پہلے بھی ایک تھے، آئندہ بھی اکٹھے رہیں گے، دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی، مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے، ساتھ لیکر چلیں گے۔

عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا مشن پورا کریں گے، عوام کھوکھلے نعرے نہیں، عملی اقدامات چاہتے ہیں، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایحنڈا ہے نہ کورونا سے نمٹنے کا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا ملاقات میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی، ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلی عثمان بزدار کے ساتھ ہے، ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔