قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب، لاک ڈاون سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا

Last Updated On 31 May,2020 03:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے قومی رابطہ کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کرتے ہوئے (کل) یکم جون کو طلب کیا ہے جس میں‌ لاک ڈاون جاری رکھنے یا محدود کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا.

تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت آج طلب کیا گیا تھا جس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کے بعد لاک ڈاون سے متعلق فیصلے کئے جانے تھے تاہم اب یہ اجلاس کل یکم جون کو منعقد ہو گا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور فوجی قیادت کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ماہرین ملک میں کورونا سے ہلاکتوں اور متاثرین سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے جس کے بعد لاک ڈاون جاری رکھنے یا محدود رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائےگا۔ اجلاس میں ٹرین سروس بحال کرنے سمیت دیگر فیصلے بھی کئے جائیں گے۔