قانونی اصلاحات: وزیراعظم نے روڈ میپ مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی

Last Updated On 29 May,2020 11:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عوامی توقعات کے مطابق قانونی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے اور روڈ میپ مرتب کرنے کے لیے کمیٹی بنا دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ نظام انصاف میں سقم دور کرنا، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی پارٹی منشور کا جزو ہے۔ انصاف کے موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد بہت حد تک متزلزل ہو چکا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں موجودہ دور حکومت میں عوام کو انصاف کی فوری فراہمی کے لئے قانونی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے دیوانی مقدمات کی جلد تکمیل اور خواتین کو وارثتی جائیداد میں حق دلانے سمیت دیگر اہم اصلاحات پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے وزیر قانون، مشیر پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے تیار کردہ روڈ میپ کی روشنی میں آئندہ ہفتے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

اجلاس میں اسلام آباد میں جدید فرانزک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے فوجداری مقدمات کے نظام میں اصلاحات، تھانہ کلچر میں تبدیلی، مقدمات کے اندراج، تفتیش اور جیل خانہ جات میں اصلاحاتی عمل کے حوالے سے بھی روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے نظام میں بہتری کے لئے عوام کی توقعات موجودہ حکومت سے وابستہ ہیں۔