چاہتا ہوں قوم روایتی طریقے سے ہٹ کر عید منائے: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 24 May,2020 10:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چاہتا ہوں کہ میری قوم عید روایتی طریقے سے ہٹ کر منائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ قوم روایت سے ہٹ کر عید الفطر کی خوشیاں منائے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سب سے پہلے ہم ان خاندانوں کیلئے دعا کریں جن کے پیارے ہوائی جہاز سانحے میں ان سے بچھڑ گئے یا کورونا وائرس کے نتیجے میں ان سے جدا ہو گئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دوسرا یہ کہ ہم میں سے ہر کوئی وباء کے حوالے سےمتعارف کردہ خصوصی تدابیر یعنی SOPs کا بھرپور خیال اور لحاظ رکھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا مرض ہمارے درمیان موجود ہے چنانچہ ادائیگی نمازِ عید سمیت پوری چھٹیوں کے دوران سماجی فاصلوں کا بطور خاص اہتمام کیا جائے۔ اللہ پاک اپنی رحمت ہم پر سایہ فگن فرمائیں، آمین

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد موقع ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن عید منائی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں پاکستان اتحاد اور خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے لکھا کہ عید مناتے ہوئے ان غم زدہ خاندانوں کو نہ بھولیں جنہوں نے گزشتہ روز طیارے کے حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک طویل عرصے کے پاکستان اور عالم اسلام میں ایک عید ہو گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں سرخرو کیا، رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمنٰ اور تمام اراکین بھی مبارک باد کے مستحق ہیں، تمام لوگوں نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور مشکل حالات میں عوام کو ایک عید کی خوشی ملی۔
 

پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سادگی سے عید منائیں، نمازِ عید کی ادائیگی کرنا ہے تو حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں۔

ایک ویڈیو پیغام میں چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ایسے وقت میں عید منارہے ہیں جب کورونا کی خطرناک وباء پھیلی ہوئی ہے۔ پاکستان کے مسلمان کورونا کی وباء کا سامنا کرنے کے ساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس صورتحال میں سادگی سے عید منائیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ اس عید کو اپنے شہداء کے نام کریں۔ اس عید کو طبی عملے کے نام کریں جو آپ کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے عید اپنے گھر پر منائیں، اگر آپ نے نمازِ عید کی ادائیگی کرنا ہے تو حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں، سعودی عرب، ایران، متحدہ عرب امارات اور ترکی نے اپنے شہریوں کو عید کا دن اپنے گھروں پر منانے کا پابند کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر آپ اپنا تحفظ چاہتے ہیں تو اپیل کرتا ہوں کہ نماز عید بھی گھر پر ادا کریں، عید ملن بھی فون، واٹس ایپ کے ذریعے کریں، اپنا تحفظ کرکے نہ صرف ہم خود کی جان بچاسکتے ہیں بلکہ ایسا کرنے سے ہمارے نظامِ صحت پر اتنا ہی بوجھ آئے گا کہ جتنا وہ اٹھاسکے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ احتیاط کرکے ہم دوسروں کی زندگیوں کا بھی تحفظ کرسکتے ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ یہ عید اپنے ڈاکٹروں، نرسوں، ہیروز اور اپنے شہداء کے نام کریں۔

عید الفطر کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ عوام الناس عید روایتی انداز کے بجائے سادگی سے منائیں۔ مشکل وقت میں مسلمان صرف اللہ کی طرف دیکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 ماہ سے محصور کشمیری عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، مسلمان کےلئے دو ہی راستے ہیں، شہادت یا آزادی۔ کورونا وباء،مظلوم کشمیریوں اور پی آئی اے سانحہ کی وجہ سے عید سادگی سے منائیں۔ انشاء اللہ بہت جلد عید سرینگر جموں اور لداخ میں منائیں گے۔ 

عید الفطر کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ عوام الناس عید روایتی انداز کے بجائے سادگی سے منائیں۔ مشکل وقت میں مسلمان صرف اللہ کی طرف دیکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 ماہ سے محصور کشمیری عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، مسلمان کےلئے دو ہی راستے ہیں، شہادت یا آزادی۔ کورونا وباء،مظلوم کشمیریوں اور پی آئی اے سانحہ کی وجہ سے عید سادگی سے منائیں۔ انشاء اللہ بہت جلد عید سرینگر جموں اور لداخ میں منائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالفطر پر پیغام میں کہا کہ کورونا وباء اور طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ نم ناک ہے۔ عید پر ہمیں بحیثیت قوم جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز ہم سے عید سادگی سے منانے کا تقاضا کرتا ہے۔ میری اپیل ہے کہ کورونا وباء اور طیارہ سانحہ کے باعث لوگ سادگی سے عید منائیں۔ اس وقت قوم اوردنیاایک بحران سے گزررہی ہے۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ کورونا نے ہر چیز کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس عید پر ہمیں غیر معمولی احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ عید پر سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے میں ہی خیرو عافیت ہے۔

سابق مشیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کو عیدالفطر مبارک ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ دعا ہے کہ اللہ کریم رمضان کے دوران کی گئی ہماری عبادات کو قبول فرمائے اور سانحہ پی آئی اے کے شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ کورونا کی وبا سے اللہ تعالیٰ تمام انسانیت کو محفوظ رکھیں۔

سابق وزیراعظم محترمہ بینظیربھٹو کی صاحبزادی بختاور زرداری کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ عید الفطر کے معاملے پر ہم سب تاریخ پر متحد ہیں، تمام لوگوں کو عید مبارک ہو۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ کورونا وائرس کے باعث ان ہیلتھ ورکرز کو یاد رکھیں جو فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں اور ان کی مدد کریں، گھر پر رہیں اور دعائیں سب کے لیے دعا کریں۔

بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ کا مزید کہنا تھا کہ عید سادگی سے منائیں تاکہ پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کا دُکھ بانٹ سکیں۔ اس حادثے میں کافی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔