اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی ہے جس میں نوجوانوں کو بڑے کاروباری مواقع دینے کے لیے مزید سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور معاون خصوصی عثمان ڈار سے ہونے والی ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت رقم کی فراہمی کی زیادہ سے زیادہ حد 50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ تک کر دی گئی ہے، رقم پر واجب ادا انڑسٹ ریٹ بھی 8 فیصد سے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے حالات بہتر ہوتے ہی نوجوانوں میں رقم کی تقسیم کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، پاکستان کے تمام بینکوں کو کامیاب جوان پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مزید سہولت دیں تاکہ بڑے کاروبار کر سکیں، لاک ڈاون میں نرمی آتے ہی نوجوانوان کو کاروباری میدان میں آگے لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں ان پر مزید سرمایہ کاری کریں گے، ملکی معیشت کو سنبھالنے میں نوجوانوں کا کردار بھی اہم ہوگا۔