اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرائے اعلی، وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے، عسکری اور سول اداروں کے اعلی حکام شریک ہیں۔ اجلاس میں کورونا کے باعث ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ ہو گی۔
ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی ملک میں جاری لاک ڈاون سے متعلق اہم فیصلہ کرے گی، صوبوں کی جانب سے لاک ڈاون سے متعلق تجاویز قومی رابطہ کمیٹی میں پیش کی جائیں گی، کمیٹی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی تجاویز پر بریفنگ دی جائے گی، کمانڈ سینٹر کا جانب سے کورونا کی موجودہ صورتحال کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی سطح پر صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، ریلیف پیکجز پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا، کورونا ٹائیگرز فورس کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔