وزیراعلیٰ پنجاب کی بغیر پروٹوکول تونسہ آمد، دفعہ 144 پر اقدامات کا جائزہ

Last Updated On 10 April,2020 12:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب بغیر پروٹوکول تونسہ پہنچے جہاں عثمان بزدار نے شہر میں دفعہ 144 پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا اور شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کورونا سے بچنا ہے تو شہری بلا ضرورت باہر نہ نکلیں، کورونا کے خلاف جنگ عوام کے تعاون سے ہی جیتیں گے، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال احتیاط کی متقاضی ہے، آزمائش کے وقت میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے حقیقی مسیحا ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موجودہ صورتحال میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، کورونا کے خدشے کے باوجود دلجمعی سے فرائض سرانجام دینے والے افسروں اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، معاشی صورتحال پر پوری نظر ہے، نادار طبقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انصاف امداد پروگرام کے ذریعے بیک وقت لاکھوں خاندانوں کی مالی امداد قومی ریکارڈ ہے۔