صدر مملکت سے عثمان بزدار کی ملاقات، عارف علوی وزیراعلیٰ کی کارکردگی کے معترف

Last Updated On 08 April,2020 02:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت سے لاہور میں گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ نے سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ڈاکٹر عارف علوی وزیراعلیٰ کی کارکردگی کے معترف ہوگئے۔ انہوں نے کہا بزدار بھائی آپ نے تو کمال کر دیا، آپ نے تو واقعی زبردست ٹیم بنا لی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو سراہا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں فیلڈ ہسپتال اور قرنطینہ سنٹر فوری بنا کر ریکارڈ بنا دیا، مجھے کوئی میٹنگ میں بتا رہا تھا کہ 9 دن میں ایک ہزار بیڈز پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنا لیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم تو چاہتے ہیں دیگر اضلاع کے بھی آپ دورے کریں، باقی اضلاع میں بہت کام کئے۔ گورنر پنجاب نے ملاقات کے دوران صدر مملکت کو امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریف کیا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ اس وباء سے بچاؤ کے لئے احتیاط بہت ضروری ہے۔ چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔