نجی تعلیمی ادارے فیس میں 20 فیصد رعایت دیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Last Updated On 06 April,2020 02:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے پرائییوٹ تعلیمی اداروں کو تعطیلات کے دوران 2 ماہ کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت دینے کا پابند کر دیا۔ انہوں نے کہا پرائیویٹ تعلیمی ادارے 2 ماہ کی یک مشت فیس نہیں لیں گے.

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا تمام نجی تعلیمی ادارے 20 فیصد رعایت دینے کے پابند ہونگے، اس دوران سکولوں کو تمام ساتذہ اور سٹاف کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند بنایا جائے گا، کسی سکول کو ٹیچرز یا سٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بعدازں وزیراعلی پنجاب نے حفاظتی لباس پہن کر لیب کا دورہ کیا، عثمان بزدار نے کرونا ٹیسٹ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا اور لیب کے ایکسٹریکشن روم کا بھی جائزہ لیا۔ معائنے کے بعد عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پنجاب میں کرونا ٹیسٹ کی روزانہ صلاحیت اکتیس سو تک پہنچ چکی ہے۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 5 مزید شہروں گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور جہلم میں بھی آج سے فیلڈ ہسپتال کام شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ ستر ہزار مستحق لوگوں میں سوا ارب کی زکوۃ تقسیم کر دی گئی ہے، انصاف امداد پروگرام میں بھی ڈیڑھ کروڑ لوگوں نے اپلائی کر دیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن عثمان نے مختلف امور پر وزیر اعلی کو بریفنگ دی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ لاہور کی 152 یو سی میں مختلف این جی اوز کے ذریعے 25 ہزار گھروں میں راشن پہنچا دیا گیا۔