کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے اور پالپا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ تحریری معاہدے کے تحت قومی ایئر لائن کپتانوں اور عملے کو حفاظتی سامان مہیا کرے گی۔
سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کے دفتر میں ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد تحریری معاہدہ پر پالپا کے نائب صدر کیپٹن بجرانی اور ڈائریکٹر پی آئی اے ائیر کموڈور جواد ظفر نے دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق طیاروں کی ڈس انفکیشن اور پائلٹس کو مکمل حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔ کپتان طیارے کی ڈس انفیکشن کو خود مانیٹر کرے گا۔
ڈس انفیکشن کرنے والے عملے کو پی آئی اے خود تربیت دے گی۔ سی اے اے کا انسپکٹر ہر طیارے کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ دے گا۔ اگر طیارے کا کپتان ڈس انفیکشن سے مطمئن نہیں تو طیارہ نہیں اڑایا جائے گا۔
کپتان کی تسلی کے بعد جہاز میں کوئی مسئلہ نکل آتا ہے تو پی آئی اے انتظامیہ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جائے گا۔ کوئی کپتان جہاز میں کورونا کے حوالے سے سیفٹی پر مطمئن نہیں تو تحریری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔