لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ لوگوں کی حفاظت کیلئے کیا، عوام بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کی بندش کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے جوہر ٹاؤن، جناح ہسپتال، گارڈن ٹاؤن، گلبرگ اور جیل روڈ پر حکومتی اقدامات پر عملدر آمد کا جائزہ لیا اور حکومتی اقدامات پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی کو حکومتی اقدامات کی خلاف وزری کی اجازت نہیں دیں گے۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری مہم کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے ہے۔ عوام بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔