کراچی: (دنیا نیوز) آج رات بارہ بجے سے صوبے بھر میں شہریوں کے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے پر پابندی، سرکاری اور نجی دفاتر بھی بند کر دیئے گئے۔ سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی ادارے ضرورت کے تحت نکلنے والوں کو نہ روکیں۔
تفصیل کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر سندھ میں آج رات سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کسی کو غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نظر نہیں آ رہا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کر دی ہے کہ ضرورت کے تحت نکلنے والوں کو نہ روکا جائے۔ ضرورت کے تحت نکلنے والے شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں۔ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرینگے۔ عوام نے ساتھ نہ دیا تو محنت رائیگاں جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کی رواں ماہ 5 ہزار تک کا بجلی اور 2 ہزار تک گیس کا بل نہ لینے کی ہدایت
مراد علی شاہ نے بتایا کہ تمام یوٹیلیٹی سروسز، پانی، بجلی، گیس اور کیبل کی سہولیات جاری رہیں گی۔ بینک اپنا کام جاری رکھیں، مگر کم عملے پر اکتفا کریں۔ کیسکو، سیپکو اور کے الیکڑک کو خصوصی ہدایتیں بھی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بجلی کے 5 ہزار روپے والے بل کو 10 مہینوں کی قسطوں میں وصول کیا جائے جبکہ گیس کے 2 ہزار روپے کے بل پر بھی عوام کو اگلے دس ماہ کا ریلیف دیا جائے۔
مراد علی شاہ نے مخیر حضرات سے کرونا فنڈز میں امداد کرنے کی اپیل کی اور صوبے میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لئے مزید اقدامات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ادھر آئی جی سندھ مشتاق مہر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھرپور ہدایت کی گئی ہے۔