اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو ٹیلی فون کیا جس کے دوران کرونا وائرس کی عالمی وبا کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے برادر ملک میں کرونا کے سبب جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران جس بہادری سے عالمی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے یہ قابل تحسین ہے، انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کو اس کڑے وقت میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی طرف سے عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران پر پابندیاں ہٹوانے کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی بھرپور کاوشوں پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے برادر ملک ہونے کے ناطے، اس کڑے وقت جو کردار ادا کیا ہے وہ مثالی ہے۔