فیصل آباد: گھروں کی چھتوں سے گزرتے ہائی وولٹیج تار مکینوں کیلئے خوف کی علامت

Last Updated On 17 March,2020 08:40 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے محلہ بابو والا میں گھروں میں لگے بجلی کے کھمبے اور چھتوں سے گزرتے ہائی وولٹیج تار علاقہ مکینوں کیلئے خوف کی علامت بن گئے جبکہ حکام کھمبوں اور بجلی کے تاروں کو گھروں سے باہر نکلوانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

فیصل آباد کے علاقے بابو والا میں فیسکو حکام کی غفلت شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی۔ گھروں کے اندر لگے بجلی کے کھمبے اور چھتوں سے گزرتے بجلی کے ہائی وولٹیج تار علاقہ مکینوں کیلئے خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں۔

شہری کہتے ہیں کہ فیسکو حکام مسائل کے حل کی بجائے لمبی تان کر سو رہے ہیں۔

دوسری جانب معاملے پر ترجمان فیسکو کہتے ہیں کہ شہریوں کو درپیش مسائل کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔ علاقہ مکین مطالبہ کرتے ہیں کہ فیسکو حکام محض دعووں کی بجائے کھمبوں اور بجلی کے تاروں کو گھروں سے باہر نکلوانے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائیں۔