لاہور ہائیکورٹ: لاہور کے تمام سٹور، ہوٹلوں پر پولی تھین بیگز پر پابندی عائد

Last Updated On 06 March,2020 03:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے تمام سٹورز، بیکریز اور ہوٹلوں پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔ عدالت نے پولی تھین بیگز کا استعمال مکمل طور پر ترک کرنے کیلئے 2 ہفتوں کا وقت مقرر کر دیا۔

 جسٹس شاہد کریم نے سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک متعدد سٹورز پر پولی تھین بیگز کا استعمال جاری ہے جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات بھی عدالتی حکم پر عمل نہیں کر رہا لہذا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق حکم جاری کریں گے۔ محکمہ ماحولیات کے وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کروا دیا گیا جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے مختلف کمپنیز کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر بتائیں کہ کتنی دیر میں پلاسٹک بوتلوں کا استعمال ختم کریں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔