کنگ آف کامیڈی امان اللہ خالق حقیقی سے جاملے

Last Updated On 06 March,2020 07:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کنگ آف کامیڈی امان اللہ خالق حقیقی سے جاملے، اہلخانہ کے مطابق امان اللہ 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔

انہیں چند روز قبل دوبارہ طبیعت بِگڑنے پر لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

گزشتہ ماہ بھی امان اللہ خان کو طبیعت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔

معروف کامیڈین امان اللہ کا بسوں میں ٹافیاں بیچنے سے سٹیج اور پھر ٹی وی تک کا سفر اختتام کو پہنچا، پیراگون سوسائٹی میں کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

خطیب جامع مسجد علامہ محمد امجد نے امان اللہ کی نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری سرور، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی ۔

اداکار قیصر پیا، نسیم وکی ، شاہد خان، ببورانا، خالد عباس ڈار، حامدرنگیلا، طارق ٹیڈی، امانت چن، اداکار سہیل احمد، ناصر چنیوٹی نے امان اللہ کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ میں ارشد چودھری، منظر امین، اسرار احمد، اکرم اداس، آصف اقبال،عمران شوکی، نعمان اعجاز، کاشف نثار نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

عمران شوکی، اداکار شاہ جہان، کاشف نثار، اداکار راشد محمود، زبیر جبی، مقصود انور نے نماز جنازہ میں شرکت کی، دیگر شرکت کرنے والوں میں سجاد احمد ،شکیل چن، پرویز خان ، ڈائریکٹرسہیل ٹونی ، آصف اقبال، موسیقار خرم بھٹی، پروڈیوسر افضل بٹ، علی شیخ ،عزیزجہانگیری، ہنی البیلا، ناصرنقوی، عرفان کھوسٹ ، نعمان اعجاز سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
 

وزیراعظم نے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ عمران خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا مرحوم امان اللہ سٹیج، مزاحیہ اداکاری اور ڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے۔

واضح رہے کنگ آف کامیڈی امان اللہ طویل عرصہ دنیا نیوز سے وابستہ رہے، ان کے معروف سٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں بھی جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خیال رہے امان اللہ 1950کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پاکستانی سٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار ہیں جو سٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔