سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ادھوری قرار

Last Updated On 17 January,2020 07:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ادھوری قرار دیدی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں سرکاری میڈیکل بورڈ کا اجلاس ختم ہو گیا۔ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی حالیہ رپورٹس سرکاری میڈیکل بورڈ کو بھجوائی تھیں جنہیں سرکاری میڈیکل بورڈ نے دوبارہ نامکمل قرار دیدیں۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کی بلڈ رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں، ان کے اس وقت پلیٹ لیٹ کتنے ہیں نہیں بتایا گیا، جنیٹک ٹیسٹوں سے متعلق اپ ڈیٹ نہیں دی گئی۔

میڈیکل بورڈ نے حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کی ادھوری رپورٹس پر رائے نہیں دے سکتے، سرکاری میڈیکل بورڈ کی جانب سے حکومت کو رائے سے آگاہ کر دیا گیا، تمام رپورٹس میسر ہونے پر میڈیکل ایڈوائس دی جاسکے گی۔

دوسری طرف نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر وزارت صحت نے میڈیکل بورڈ کی سر بمہر رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھیجوا دی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوانے کی تصدیق کر دی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے ہم سے میڈیکل رپورٹس پر میڈیکل بورڈ کی رائے مانگی تھی، میڈیکل بورڈ نے رپورٹس کا جائزہ لیا۔ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مبنی سر بمہر رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دی ہے۔