سابق افغان صدر حامد کرزئی کی میاں نواز شریف سے ملاقات

Last Updated On 11 January,2020 05:19 pm

لندن: (دنیا نیوز)برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں موجودہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف سے افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے ملاقات کی ہے۔

 

دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی نے خصوصی طور پر ملاقات کی جس کے لیے وہ نواز شریف کی ایون فیلڈ والی رہائش گاہ پہنچے۔

 

ایون فیلڈ رہائش گاہ پہنچنے پر سابق افغان صدر حامد کرزئی کا نواز شریف کے صاحبزادوں حسین نواز اور حسن نواز نے استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق سابق افغان صدر حامد کرزئی نے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کی عیادت کیساتھ ملاقات کی جبکہ اس دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق سابق افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف میرے دوست ہیں اور ان کی تیمار داری کے لیے آیا ہوں، میرے پاکستان کے دوروں کے دوران نواز شریف نے میری بہترین میزبانی کی۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف لندن میں اپنے علاج کے لیے موجود ہیں جہاں پر ان کی بیماریوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔