سندھ ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائن کے سی ای او کو کام سے روک دیا

Last Updated On 31 December,2019 07:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا۔ پی آئی اے میں نئی بھرتیاں، ملازمین برطرفی اور تبادلے بھی نہیں ہو سکیں گے۔

سندھ ہائیکورٹ میں پی آئی اے کے سی او ایئر مارشل ارشد ملک کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایئر مارشل ارشد ملک تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے اور نہ ہی ان کا ایئر لائن سے متعلق کوئی تجربہ ہے۔

عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایئر مارشل ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا جبکہ پی آئی اے میں نئی بھرتیاں کرنے، ملازمین کو نکالنے اور تبادلوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

عدالت نے پی آئی اے میں خرید وفروخت، پالیسی سازی اور ایک کروڑ سے زائد کے اثاثوں کی فروخت بھی ممنوع قرار دے دی ہے۔ ارشد ملک کے خلاف ساسا کے جنرل سیکرٹری صفدر انجم نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔