اسلام آباد: (دنیا نیوز) مدینہ سے اسلام آباد آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے714 چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی۔ طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز روانہ نہ ہو سکی۔
مدینہ منورہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے روانہ نہیں ہوسکی۔ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کا عملہ مدینہ ائیرپورٹ پر مسافروں کو بورڈنگ پاس دے کر ائیرپورٹ سے غائب ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 714 چھے گھنٹے قبل مدینہ منورہ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونا تھی لیکن ابھی تک پرواز روانہ نہیں ہوسکی جس کی وجہ طیارے کا موجود نہ ہونا بتائی جا رہی ہے۔
پرواز تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے ائیرپورٹ پر موجود عمرہ زائرین اور مسافر 6 گھنٹے سے پریشان حال ہیں۔ مدینہ منورہ ائیرپورٹ پر ایک دل کی مریضہ کو ہسپتال سے لایا گیا ہے جنہوں نے اسلام آباد پہنچنا ہے لیکن پرواز تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ شدید تکلیف میں ائیرپورٹ پر ہی موجود ہیں۔