اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی کاوشوں کے بعد پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے نے 31 دسمبر کو کوالالمپور سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے 31 دسمبر کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا ہے، اس پرواز کے ذریعے ملائیشیا میں محصور 300 سے زائد پاکستانی اپنے پیاروں کے پاس واپس پہنچیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 9895 کوالالمپورسے 30 اور31 دسمبر کی درمیانی رات 3.30 پر روانہ ہو گی، پرواز پی کے 9895 صبح 9.50 بجے پر اسلام آباد واپس پہنچے گی، پاکستانی شہری مختلف وجوہات کی بنا پرملائشیئن حکام کی تحویل میں تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی کاوشوں سے پاکستانی شہریوں کی رہائی ممکن ہوئی ہے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اتنی جلدی لانے کیلئے کوئی ائرلائن تیار نہ تھی، پی آئی اے نے ہمیشہ قومی ضرورت کے وقت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے قدم بڑھایا ہے، پاکستانی بھائیوں کو بیرون ملک کبھی بے یارو مددگار نہیں چھوڑا۔
رواں سال مئی میں بھی پی آئی اے کی خصوصی پرواز عید الفطر سے پہلے 320 پاکستانیوں کو کوالالمپور سے لے کر اسلام آباد آئی تھی۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ پاکستانی ملائیشیا کی جیلوں میں اپنی سزا پوری کر چکے تھے اور اس میں سے بیشتر اپنا واپسی کا ٹکٹ خریدنے کی سکت بھی نہیں رکھتے تھے۔