اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوام پر 12 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر 2019ء سے ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ جولائی تا ستمبر 2019ء کے بقایاجات کی مد میں کیا گیا ہے اور عوام سے ایک سال کے دوران وصولی کی جائے گی۔
صارفین کو یکم دسمبر 2019ء سے اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست نیپرا میں دائر کی تھی جس پر نیپرا نے بجلی 14 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا۔
ادھر اوگرا نے دسمبر کے لیے ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ دسمبر کے لیے سوئی گیس کمپنیوں کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.11 ڈالر فی ایم ایم بی ٹٰی یو کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
سوئی گیس کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت 10.83 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت 10.82 ڈالر فی ایم ایم بی ٹٰی یو مقرر کی گئی ہے۔