اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگی بجلی پیدا کی گئی، متبادل توانائی پالیسی کے نفاذ سے مستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں 17 روپے یونٹ کی مہنگی بجلی بنائی گئی جبکہ 3500 میگاواٹ متبادل توانائی کے منصوبے ختم کئے گئے۔ ملک میں متبادل توانائی کے شعبے میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ متبادل توانائی سے چلنے والے منصوبوں میں اب کوئی کیپسیٹی پیمنٹ نہیں کی جائے گی جبکہ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ متبادل توانائی کی پالیسی مشترکہ مفادات کونسل میں لے کر جائیں گے۔ کارکے کیس میں بھی خوشخبری دیں گے۔