اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بجلی بقایا جات کی مد میں 17 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تقسیم کار کمپنیوں کی بجلی صارفین سے بقایاجات کی مد میں اربوں روپے وصولی کی تیاریاں جاری ہیں۔ نیپرا میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی تا ستمبر 2019 کے بقایا جات کی مد میں وصولی کی درخواست دائر کی گئی، جس میں آئیسکو کی جانب سے 1 ارب 44 کروڑ اور لیسکو کی جانب سے 5 ارب روپے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔
گیپکو نے 1 ارب 53 کروڑ، فیسکو نے 94 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی اجازت مانگی ہے، جب کہ میپکو 2 ارب 21 کروڑ اور پیسکو 3 ارب 66 کروڑ روپے کے بقایا جات وصول کرنا چاہتا ہے۔ حیسکو نے 2 ارب 50 کروڑ، کیسکو 1 ارب 52 کروڑ، سیپکو نے 1 ارب 19کروڑ وصولی کی درخواست کی ہے۔
تقسیم کمپنیوں کے بقایاجات وصولی کی مد میں 17 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی جس پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔