اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) جے یو آئی کے دھرنے میں شریک شرکا اتوار کو چھٹی کے باعث پشاور موڑ سے متصل کشمیر ہائی وے پر فٹ بال اور والی بال کھیلتے رہے، بعض نے پارکوں کا رخ کرلیا۔
شرکا کی بڑی تعداد نے مختلف تفریحی مقامات کی سیر بھی کی، شرکا مارچ کا کہنا تھا کہ ان میں سے اکثریت ایسے افراد کی ہے جو اسلام آباد پہلی مرتبہ آئے ہیں اس لئے فارغ وقت میں تفریح گاہوں کی سیر ضروری ہے۔ شرکا کی بڑی تعداد پاکستان مانو منٹ، شکر پڑیاں، دامن کوہ سمیت اسلام آباد کے مختلف شاپنگ مالز میں دکھائی دی۔
دوسری جانب سڑکوں کے کنارے کھڑے کنٹینرزراستے روکنے کی بجائے آزادی مارچ کے شرکا کی رہائش گاہ بن گئے، انتظامیہ کی جانب سے شرکا کیلئے مناسب انتظامات نہیں کئے گئے، بنائے گئے واش رومز کی حالت ٹھیک نہیں جس کی وجہ سے شرکا قریبی مساجد کے واش رومز استعمال کرنے پر مجبور ہیں، پانی کا انتظام بھی ناقص ہے۔
دن کے آغاز پر شرکا دھرنا نے درختوں کی ٹہنیوں سے جھاڑو بنا کر صفائی کی اور کوڑا کرکٹ ایک جگہ اکٹھا کیا۔