اسلام آباد: (دنیا نیوز) فضل الرحمن کی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز، رہبر کمیٹی نے ڈی چوک تک جانے کی تجویز دے دی۔ دھرنے کے شرکا کی پشاور موڑ سے منتقلی کا فیصلہ آج ہو گا۔ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آنے کی وارننگ دے رکھی ہے۔
جے یو آئی ف کا اسلام آباد کے سکیٹر جی نائن میں دھرنا تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے، سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ حکمران غیر آئینی اور جعلی ہیں، مذاکرات کرنے ہیں تو پہلےاستعفیٰ دیکر آئینی حیثیت درست کریں، اپوزیشن متحد ہے۔ رہبر کمیٹی نے بھی ڈی چوک تک جانے کی تجویز دےدی، منتقلی کا فیصلہ آج ہوگا، وہ اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس، رینجرزنے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فلیگ مارچ کیا، ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ہر قسم کے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، مختلف مقامات پر بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔