اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ لائحہ عمل کے لیے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس شروع ہو گئی، بلاول بھٹو اور شہباز شریف پارٹی مصروفیت کے باعث شرکت نہیں کر رہے تاہم ن لیگ کا وفد بھی اجلاس میں تاحال شریک نہیں ہوا.
مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس شروع ہوگئی جس میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو دعوت دی گئی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری بہاولپور میں جلسے کے باعث اے پی سی میں شرکت نہیں کر رہے۔
مسلم لیگ ن کا وفد اے پی سی میں شریک نہیں، قبل ازیں شہباز شریف نے بھی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا، ان کے شریک نہ ہونے کی وجہ پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت بتائی گئی ہے، دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اے پی سی میں شرکت کر رہے ہیں۔
جے یو آئی کے مشاورتی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کے استعفے کیلئے اتوار تک کی ایک اور ڈیڈ لائن دی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں سے رابطوں کا ٹاسک اکرم درانی کو دے دیا گیا۔