فضل الرحمان کی 2 روزہ ڈیڈلائن، حکومت کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھ گئے

Last Updated On 02 November,2019 03:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا، اپوزیشن کے آزادی مارچ سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، کور کمیٹی اجلاس میں پرویز خٹک بریفنگ دیں گے۔

 ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی اجلاس میں وزیر اعظم سے رابطہ کیا گیا اور وزیر اعظم کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی کور کمیٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کور کمیٹی اجلاس میں موجودہ صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دو دن کی مہلت دیتے ہیں، وزیراعظم مستعفی ہو جائیں: مولانا فضل الرحمان

وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کی تجویز پر بھی مشاورت ہو گی، وزیر اعظم نے کہا اپوزیشن جتنے دن دھرنا دینا چاہے حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی، معاہدہ کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون کے مطابق کاروائی بھی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اتحادی جماعتوں سے بھی رابطہ ہوا۔ پرویز خٹک حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تجاویز کور کمیٹی کو پیش کریں گے۔

کور کمیٹی اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے اور وزیراعظم کے قوم سے خطاب کی تجویز پر بھی مشاورت کی جائے گی۔