کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سمجھے، ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، حکمران پارلیمنٹ پر تالا لگائیں گے تو سیاسی جماعتیں مجبور ہونگی، وزیراعظم ٹرم پوری نہیں کر سکتے۔
جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان میں صلاحیت نہیں کہ اپنی مدت پوری کر سکیں۔ نام نہاد جمہوریت میں ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگر مارشل لا لگے گا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہونی چاہیے کسی کو آمریت کا موقع نہ دیں۔ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تاجر سمیت ہر کوئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ مسائل حل نہیں ہونگے تو ملک انارکی کی طرف جائے گا۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہے۔ وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام میں اعتماد پیدا کریں۔
پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، صوبے میں غریب کو علاج مل رہا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹرز کیساتھ مل کر اچھی سہولتیں مہیا کر رہے ہیں۔ ہم نے مل کر عوام کے مسئل حل کرنے ہیں۔