کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست روی کا شکار کیا گیا، خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا اور پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنوں سے باہر نکال دیا گیا، ہم دوبارہ انتخابات کروا کر اس سیٹ کو جیتیں گے۔
دوسری جاب پی ایس 11 سےجی ڈی اے کے کامیاب امیدوار معظم عباسی نے دھاندلی کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔ د نیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھ حکومت کی تمام مشینری پیپلزپارٹی نے استعمال کی، اس کے باوجود دھاندلی کا الزام لگایا جا رہا ہے، بلاول بھٹونے 14 ماہ تک علاقے کی خبر ہی نہ لی۔