اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت مخالف تحریک پر حتمی لائحہ عمل کیلئے بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک پر گفتگو ہوگی۔ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے حوالے سے سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی بھرپور تعاون کرے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی نے جے یو آئی کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کیا تاہم دھرنے کی مخالفت کی۔ اس بات کا اعلان چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پی پی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتی ہے جس جگہ جس شہر جس وقت آزادی مارچ ہوگا پیپلزپارٹی استقبال اور مکمل سپورٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا ہم نے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال پر غور کیا، خارجہ پالیسی کا جائزہ لیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کٹھ پتلی حکومت کو عوام کا کوئی احساس نہیں، نااہل اور نالائق حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا، حکومت میں عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنا ہوگا، سلیکٹڈ حکومت سلیکٹرز کو خوش رکھنے میں مصروف رہتی ہے، ملک میں جمہوریت کو بحال کرنا مسائل کا واحد حل ہے۔