شہباز اوربلاول آزادی مارچ موخر کروانے کے حامی،فضل الرحمان کو آمادہ کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 01 October,2019 10:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ کی تاریخ کی تبدیلی پر آمادہ کرنے کا فیصلہ، دونوں رہنما جلد جے یو آئی سربراہ سے ملیں گے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ن لیگ کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی آزادی مارچ موخر کرنے کی حمایت کر دی ہے۔ شہباز شریف اور بلاول بھٹو آزادی مارچ موخر کروانے پر متفق ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو اور ن لیگ کے رہنما اس سلسلے میں جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔

ادھر ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں جلسے اور ریلیاں نکالنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے پیپلز پارٹی ملک بھر میں جلسے کرے گی اور ریلیاں نکالے گی۔ بلاول بھٹو ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پارٹی کے رہنما نیر بخاری نے حکمت عملی کے حوالے سے بتایا کہ بلاول بھٹو کے جلسوں اور ریلیوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ جلسوں کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائیگا۔