اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کو نیب نے بلٹ پروف گاڑی کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، احتساب عدالت نے تحقیقاتی ادارے کو تفتیش کی اجازت دے دی۔
ایل این جی کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو بلٹ پروف گاڑی کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نیب ٹیم نے اس حوالے سے احتساب عدالت سےاجازت طلب کی تھی جس پر نیب کو اجازت دے دی گئی۔ شاہد خاقان پر بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری اور استعمال میں بے ضابطگیوں کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال کی زیرصدارت اجلاس میں بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی، اس کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور فواد حسن فواد سمیت دیگر افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے۔ احتساب عدالت نے نیب کو شاہد خاقان عباسی سے تفتیش کی اجازت دے دی ہے۔