میئر وسیم اختر کا شہریوں کو سندھ حکومت کو ٹیکس ادا نہ کرنیکا مشورہ

Last Updated On 20 August,2019 06:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر وسیم اختر نے کراچی کے شہریوں سے سندھ حکومت کو ٹیکس ادا نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

شہر کی بدترین حالت پر ناراض میئر نے صفائی کے نام پر خرچ 24 ارب کا حساب مانگ لیا۔ وسیم اختر نے کہا کراچی کے شہری موٹر وہیکل ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، ٹاور ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز کی مد میں سندھ حکومت کو ساڑھے تین سو ارب روپے سے زائد ادا کرتے ہیں، ہمارے پاس مشینری تک نہیں۔

میئر کراچی نے ضلع کورنگی میں صفائی مہم کا افتتاح کیا اور کہا شہر کی صفائی کا یہ مستقل حل نہیں، وفاقی حکومت اور بحریہ ٹاون سے تعاون مانگا، ہمارے پاس مشینری تک نہیں، جتنی مشکل میں عوام ہیں، اتنی مشکل میں ہم بھی ہیں۔

وسیم اختر کی آمد سے قبل علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور کہا سالوں سے کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اب ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ گاڑیوں کو کچرا اٹھانے سے روکا تو رینجرز اہلکاروں نے حالات پر قابو پایا۔