سندھ حکومت کا صوبے میں بجلی کی ترسیل کیلئے اپنی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 09 August,2019 12:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے صوبے میں بجلی کی ترسیل کے لئے اپنی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی حکومت نے سندھ ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے لائسنس کے لئے نیپرا سے رجوع کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی درخواست پر نیپرا نے عوامی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چار ستمبر کو عوامی سماعت کے بعد صوبائی کمپنی کے لائسنس کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہو گا۔

نیپرا کو چھ اداروں کی طرف سے لائسنس کے اجراء کے حوالے سےآراء موصول ہوئی ہیں۔ اینگرو انرجی لیمیٹڈ، انرجی ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ سندھ، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی، فرینکلین لاء فرم، انرجی ونگ وزارت پلاننگ اور این ٹی ڈی سی نے رائے دی جس پر نیپرا نے متعلقہ اداروں کے نمائندوں کو بھی عوامی سماعت میں طلب کر لیا۔

درخواست کے مطابق کیٹی بندر گھارو جھمپیر ونڈ کوریڈور میں 50 ہزار میگاواٹ پیداوار کی صلاحیت ہے تاہم بجلی کی ترسیل کی مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث جھمپیر کوریڈور سے استفادہ نہیں کیا جا رہا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ ونڈ کوریڈور میں ٹرانسمشن نیٹ ورک قائم کرے گی جس کے لئے سندھ حکومت نے فزیبلٹی سٹڈی، بزنس ماڈل اور گرڈ سٹڈیز کے لئے رقم مختص کر دی ہے۔ صوبائی کمپنی ونڈ کوریڈور سے 132 کے وی اور 220 کے وی کے گرڈ سٹیشن قائم کرے گی۔