پاسپورٹ پر شعبہ تبدیل کرانے کیلئے انیس ہزار ملازمین کا رجوع

Last Updated On 23 July,2019 04:43 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور میں تقریبا 19 ہزار 7 سو سرکاری ملازمین نے پاسپورٹ پر شعبہ تبدیل کروانے کیلئے رجوع کر لیا

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون میں 1400، ایبٹ روڈ میں 1100، شاہدرہ میں 400، رائیونڈ میں 300 سرکاری ملازمین نے پروفیشن تبدیل کروانے کیلئے رجوع کیا۔
ابھی بھی صوبائی اور وفاقی اداروں کے تقریباً 50 ہزار کے قریب سرکاری ملازمین پاسپورٹ پر پروفیشن تبدیل کروانے سے رہ گئے ہیں ۔ وقت کم ہونے کی وجہ سے سب سے زیادہ مسئلہ سرکاری ملازمین کو این او سی کا پیش آرہا ہے کہ انہیں اپنے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے جلدی این او سی جاری نہیں کیا جارہا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی پاسپورٹ پالیسی کے تحت سرکاری ملازمین عام شہری کی حیثیت سے پاسپورٹ نہیں بنوا سکتے، حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے نئی پاسپورٹ پالیسی جاری کرتے ہوئے 3 ماہ کے اندر عمل درآمد کے احکامات جاری کیے تھے جس کی مدت آج  ختم ہورہی ہے۔ پالیسی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے ملازمین کو جرمانہ کا عندیہ بھی دیا گیا۔