صوبہ پنجاب کی تمام کچی آبادیوں کو ریگولر کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 22 July,2019 05:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں کچی آبادیوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ، صوبائی وزارت کالونیز نے صوبے بھر کی کچی آبادیوں کو ریگولر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے زیر صدارت اجلاس میں محکمے کے افسران کو ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اجلاس میں کچی آبادیوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے مثبت اور قابلِ عمل سفارشات طلب کی گئیں۔ اس موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 2012ء کے بعد سے کچی آبادیوں کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی۔ گزشتہ دس سالوں میں کچی آبادیوں کے لیے کوئی گرانٹ نہیں دی گئی۔

فیاض چوہان نے کہا کہ غریب عوام کو ان کے حال پر چھوڑنے کا انجام سب کے سامنے ہے۔ آل شریف نے کچی آبادیوں کو بھی سیاسی شوبازی کے لیے استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن جیتنے کے لیے کچی آبادی سکیم کو بطور رشوت استعمال کیا جاتا رہا۔ اب کچی آبادیوں کے لیے بھی لینڈ لیز پالیسی کی طرز پر جلد نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔