لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش

Last Updated On 06 July,2019 12:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے، آندھی اور تیز ہواؤں سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔

 لاہور میں چلنے والی تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا لیکن لیسکو کا پول کھول دیا، 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ ہنجروال کے علاقے میں ایک نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ تیز ہواؤں کے سبب بجلی کی تاریں آپس میں ٹکرا نے سے مختلف مقامات پر آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے، آندھی نے متعدد درختوں کو بھی جڑوں سے اکھاڑ پھینکا۔

فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی، سمندری کے علاقے میں بارش کے باعث ورکشاپ کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ مریدکے میں بجلی کی مین تار سے کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق 8 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔