عدالتی دروازے سے گرفتار 8 مسلح افراد 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Last Updated On 05 July,2019 04:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے مرکزی دروازے سے گرفتار 8 مسلح ملزمان کو 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم عدالت کی طرف سے دیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

کیس کے دوران ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل عبدالجبار ڈوگر نے عدالت میں دلائل دیئے اس دوران انہوں نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 3 کے جج جاوید اقبال وڑائچ سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش اور مزید اسلحہ کی برآمدگی کے لیے 30 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

دنیا نیوز کے مطابق ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے مرکزی دروازے سے گرفتار کیا گیا تھا، 2 مسلح ملزمان نے خصوصی عدالت میں داخلے کی کوشش کی، سکیورٹی اہلکار انسداد دہشت گردی کی عدالت کے دروازے کے باہر سے 8 عدد مسلح ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق تھانہ ریس کورس نے دوران کارروائی ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا تھا، ملزمان کا تعلق بھاٹی چوک کے مقصود بٹ گروپ سے بتایا جا رہا ہے۔