پنجاب: گاڑیوں کی نیلامی سے کتنے ملے؟

Last Updated On 05 July,2019 09:15 am

لاہور: (حسن رضا) پنجاب حکومت نے کفایت شعاری مہم کے نام پر 92 مزید گاڑیاں نیلام کر دیں۔ گاڑیاں سابق وزیر اعلیٰ کے پروٹو کول اور صوبائی وزرا کے زیر استعمال رہیں۔

نیلام ہونے والی گاڑیوں میں سے 40 گاڑیاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، گورنر سیکرٹریٹ، ایس اینڈ جی اے ڈی میں زیر استعمال رہی ہیں جبکہ باقی گاڑیاں دیگر محکموں میں استعمال ہوتی رہیں، گزشتہ دو برس کے دوران ان گاڑیوں کی مرمت پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز بھی خرچ کئے گئے جبکہ ہر ماہ لاکھوں روپے کا پٹرول بھی سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنایا جاتا رہا ہے، اب ان گاڑیوں کو نیلام کر کے ساڑھے پانچ کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروا دئیے گئے ہیں۔

گاڑیوں کی نیلامی کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے 7 افسروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جنہوں نے گاڑیوں کی نیلامی سے متعلق تمام تر مرحلے کو ویڈیو میں ریکارڈ کیا تاکہ اس کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ایس اینڈ جی اے ڈی طارق محمود کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی نیلامی سے آنیوالے پیسوں کو خزانے میں جمع کروا دیا گیا ہے، ان کی مرمت پر بہت خرچہ آ رہا تھا اس لئے نیلام کیں۔