زرداری کی قائمہ کمیٹیوں میں شرکت کا معاملہ، پروڈکشن آرڈر روک دیے گئے

Last Updated On 02 July,2019 06:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری کے قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت کے لئے پروڈکشن آرڈر روک دیئے گئے ہیں۔

اطلاعات ونشریات کمیٹی کے چیئرمین نے پروڈکشن آرڈرز کی منظوری دی تھی لیکن اس کے باوجود آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اجلاس پارلیمان کی حدود میں نہیں بلکہ پیمرا میں ہونا ہے، اجلاس پارلیمان کی حدود میں نہ ہونے کے باعث پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پارلیمان کی حدود کے باہر آصف زرداری کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالگی سے متعلق مسائل پیدا ہوں گے۔

دوسری جانب آصف زرداری کے آٹھ اور نو جولائی کو صنعت وپیداوار کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔