لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے 41، محکمہ زراعت کے 17 اور محکمہ آبپاشی کے 90، محکمہ تعمیر ومواصلات کے 10، محکمہ بلدیات کے 15 اور محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے 4 ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھول دیے گئے ہیں۔
عوام کیلئے کھولے گئے ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز کی تفصیلات متعلقہ محکموں اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کے ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے اوپن کیا گیا ہے۔ عوام ویب سائٹس پر ان کی تفصیلات دیکھ کر بکنگ کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز کو بھی جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز پرقبضے واگزار کرانے کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور قبضے واگزار کرا کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔