لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ہدایت جاری کی ہے کہ چاند رات اورعید الفطر پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون وبلدیات بشارت راجا نے ملاقات کی جس میں چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی، صفائی کے انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاند رات اورعید الفطر کے موقع پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور پولیس امن عامہ کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے محنت اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ چاند رات اور عیدالفطر پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سینئر پولیس حکام چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔